امیدوں کا چمن

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
امیدوں کا چمن
مولاناعابد جمشید رانا
وہ دن مجھے آج بھی اچھی طرح یاد ہے جب میں ان سے ملنے سرگودھا پہنچا تھا گیارہ سال قبل رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوںمیں چک نمبر87جنوبی کا پہلا سفراور وہ مناظر آج بھی آنکھوں کے سامنے ہیں۔
جن قارئین وقاریات نے مرکز اہل السنت کو دیکھا ہے اس کی تصاویر یا ویڈیوز دیکھی ہیں وہ تصور بھی نہیں کرسکتے کہ گیارہ برس قبل یہاں کیا صورت حال تھی؟
ایک مختصر سی مسجد جس کی چھت بارشوں میں ٹپکتی تھی اور اس کی بلندی اتنی تھی کہ ایڑیاں اٹھائے بغیر بھی چھت کی کڑیوں کو چھوا جاسکتا تھا اس مسجد سے متصل ایک چھوٹا سا حجرہ اور بس۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔رہے نام اللہ کا۔
یہ تو عمارت کی صورتحال تھی اور دیگر حالات بھی ایسے کہ ان کے بیان کو دفتروں کے دفتر چاہییں۔ اگر اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ہمارے پیرو مرشد کی سوانح حیات چھپی تو لوگوں کو معلوم ہوگا کہ قافلہ سخت جان کا رہنما راہ عشق ووفا کایہ راہرو کن کٹھنائیوں سے گذراہے۔
سو بار کٹا عقیق تب نگیں ہوا
میں اس وقت مرکز اصلاح النساء کی چھت پہ کھڑا ہوں سامنے سڑک کے اس پار مرکز اہل السنت کی سادہ مگر پروقار عمارت نظر آرہی ہے مبالغہ آمیز خیال نہ کیجئے گااس عمارت کے بام ودرسے علم وعمل کا نور پھوٹنا واضح دکھائی دیتا ہے۔ مرکز اہل السنۃ والجماعۃ کے چمن زار میں بیٹھے تخصص فی التحقیق والدعوۃ میں شریک علمائے کرام کی نورانی پیشانیاں ان کے قلبی اطمینان کا پتہ دیتی ہیں۔ چار برس قبل جب فارغ التحصیل علماء کرام کے لیے ایک سالہ تخصص کا آغاز ہوا تب اسے دیوانے کے خواب سے تعبیر کیا گیا کہ کون اس گائوں میں ان کچے کمروں میں پڑھنے آئے گا۔
لیکن حضرت مرشد والا کے خلوص سچی لگن اور مسلک حقہ پر کامل یقین نے اس صحرا میں علم وعمل کے ایسے پھول کھلائے کہ آنکھوں دیکھ کر بھی یقین نہی آتا۔بحمدا للہ مرکز اہل السنۃ والجماعۃ سے فارغ التحصیل علمائے کرام ملک اور بیرون ملک گوناگوں علمی، تصنیفی تحقیقی اور دعوتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
اہل نظر کی ایک عرصہ سے خواہش تھی کہ اسی ترتیب اورمنہج پر خواتین کے لیے بھی تخصص کا آغاز کیاجائے مزید برآں جو بہنیں گھریلو مسائل یا دیگر عوامل کی بنا پر مدارس میں طویل دورانیہ تک زیر تعلیم نہیں رہ سکتیں ان کےلیے مختصر دورانیہ کے ایک ایسے نصاب کی تشکیل کی جائے جس میں عقائد ،مسائل اور تجوید کے ساتھ ساتھ عملی اصلاح ،روحانی بالیدگی اور سیر ت وکردار سازی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اللہ تعالی کے خصوصی فضل وکرم سے یہ سے یہ سعادت بھی ہمارے پیرو مرشد کے نصیب میں لکھی تھی۔ متکلم اسلام مولانامحمد الیاس گھمن حفظہ اللہ کی مبارک سرپرستی میں خواتین اسلام کے لیے "مرکز اصلاح النساء" کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے مرکز اصلاح النساء کا تعمیراتی کام بحمدا للہ تعالی تکمیل کے مراحل میں ہے ان شاء اللہ العزیز مارچ کے مہینے سے باقاعدہ طور پر اسباق کا آغاز کردیا جائے گا۔
فی الحال جو شعبہ جات فعال کیے جارہے ہیں ان میں تحفیظ القرآن اور دوسالہ نصاب قابل ذکر ہے اس کے ساتھ ساتھ بہنوں کو ہنر مند بنانے اور گھر گرہستی میں طاق کرنےکے لیے سلائی سنٹر اور دیگر عملی کورسز کا آغاز بھی کیا جارہاہے۔ ان تمام شعبہ جات کی ترتیب ، نصاب اور دیگر مراحل پر پیپر ورک بھی بحمدا للہ قریبا مکمل ہواچاہتا ہے۔ حضرت والا تعمیر سے لے کر نصاب کی تشکیل تک تمام مراحل کی خصوصی نگرانی فرمارہے ہیں۔
مرکز اصلاح النساء کا یہ علمی وتربیتی فیضان پورے ملک میں پھیلانے کے لیے بہت جلد دوسرے علاقوں میں بھی اسی طرز پر مراکز قائم کیے جائیں گے۔
گزشتہ رات میں نے حضرت پیرومرشد سے تعمیراتی کام کی تفصیلات معلوم کی تو حضرت نے بتایا کہ ان شاء اللہ فروری کے آخر تک یہ کام مکمل ہوجائے گا۔یہ بھی معلوم پڑاکہ مرکز اس وقت سات لاکھ سے زیادہ کا مقروض ہے اسی بناء پر بعض معاملات میں تاخیر ہورہی ہے جو اہل دل اس مبارک سلسلہ میں تعاون کرنا چاہیں وہ درج ذیل بینک اکائونٹ میں اپنی رقوم جمع کرائیں۔
بنام محمد الیاس گھمن 140103600000900میزان بنک کالج روڈ سرگودھا
اپنے والدین اور اعزہ وقارب کے ایصال ثواب کے لیے یقیناً یہ بہت عظیم صدقہ جاریہ ہے اور اس میں حسب استطاعت ضرور حصہ لینا چاہیے۔اللہ تبارک وتعالی سے دعا ہے کہ مرکز اصلاح النساء کو ہر طرح کے شرور وفتن آفات اور مصائب سے امان میں رکھیے ا ور اس میں دامے ،درمے، سخنے تعاون کرنے والوں کی جان ومال میں برکتیں عطا فرمائیں۔ اے رب کریم ہمارے سروں کے تاج ہمارے دلوں کی دھڑکن متکلم اسلام محمد الیاس گھمن کو اپنی خاص حفاظت میں رکھیے گا۔ آپ کی ذات گرامی سے جو علمی، نظریا تی اور عملی فیض کے سرچشمے پھوٹ رہے ہیں ان کا فیض تاقیامت جاری وساری فرمائیے گا۔ اے رئوف رحیم پروردگار تجھے تیرے محبوب کا واسطہ ہماری تمام دعائوں کو قبول فرما اور ہمیں اس قافلہ حق میں ہمیشہ ہمیشہ شامل رکھنا یہ قافلہ عشق وفا جو اسلام کی اصلی اور سچی تشریحات وتعبیرات کا حامل بھی ہے اور امین بھی۔۔۔ اور اپنا سب کچھ قربان کرکے اس کا محافظ بھی۔
الہی ہمارے پیرو مرشد کی امیدوں کا یہ چمن ہمیشہ سر سبز رہے اور اس کو چھوکر آنے والے علم وایقان کے جھونکے اہل السنت کے مشام جان کو ہمیشہ معطر کرتے رہیں۔
آمین بجاہ النبی الکریم