تبصرۂِ کتب

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
تبصرۂِ کتب
مولانا محمد کلیم اللہ
نام کتاب: میرے ابو…………میری کائنات
مؤلفہ: فوزیہ چودھری
محترمہ فوزیہ چودھری لکھتی ہیں اور خوب لکھتی ہیں۔ان کی تحریر کی خوبی یہ ہے کہ بناوٹ کے پھولوں سے نہیں بلکہ سادگی کی خوشبوؤں سے مہکتی ہوئی ہوتی ہے زیر تبصرہ کتاب ”میرے ابو……میری کائنات“انہی کے قلم کی رہین منت ہے۔والد کا رتبہ اسلام میں بہت بلند ہے اور والد کی عزت وتوقیر سےخدا کی رضا جیسی نعمت حاصل کی جاسکتی ہے۔آج کے اس دور میں جہاں والدین سے بدسلوکی سے لے کر گالی گلوچ تک ، گالم گلوچ سے لے کر مارپیٹ اور گھروں سے نکالنے کا عام رواج ہوچکا ہو ، ایسے دور میں ایسی کتابیں بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ کتاب دینی،اخلاقی، معاشرتی اور معلوماتی حیثیت کی حامل ہے۔مؤلفہ کی اپنے والد سے عقیدت کی ایک جھلک دیکھیے۔
میرے ناز اٹھاتے ہو بابا
میرے لاڈ اٹھاتے ہو بابا
میری چھوٹی چھوٹی خواہش پر
تم جان لٹاتے ہو بابا
کل ایسا ہو ایک نگری میں
میں تنہا تم کو یاد کروں
اور رو رو کر فریاد کروں
اے اللہ میرے بابا سے
کوئی پیار جتانے والا ہو
کوئی ناز اٹھانا والا ہو
میرے بابا مجھ سے عہدکرو
تم مجھ کو چھپا کر رکھو گے
دنیا کی ظالم نظروں سے
تم مجھ کو بچا کے رکھو گے
نام کتاب: قاتل تحفہ
مؤلف: حافظ محسن شریف
ناشر: ادارہ مطبوعات طلباء اے ذیلدار روڈ اچھرہ لاہور
زیرِ تبصرہ کتاب کے پیارے پیارے مضامین پڑھ کر قاری اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ مجموعی طور پر قابلِ تحفہ ہے قاتل تحفہ نہیں۔حافظ محسن شریف کے مختلف رسائل میں تخلیقی مضامین شائع ہوتے رہتے ہیں۔ ماہنامہ بنات اہل السنۃ سرگودھا کے مستقل مضمون نگار ہیں۔ان کی تحریر سے معاشرتی برائیوں سے واقفیت بھی ہوتی اور ان سے بچاؤ کے طریقے کار کا علم بھی۔ بڑوں کے ساتھ ساتھ ان کے مضامین کا کچھ حصہ بچوں کے لیے بھی ہوتا ہے۔
قاتل تحفہ:جسے قابل تحفہ کہنا چاہیے درحقیقت حافظ محسن شریف کے تقریبا 22 مضامین کا پہلا مجموعہ ہے۔قابل قدر محنت ہے۔
کتاب کے ٹائٹل کو مزید پرکشش بنانے کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔