حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے موزے مبارک

User Rating: 5 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar ActiveStar Active
 
بَابُ مَا جَاءَ فِي خُفِّ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ
باب: حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے موزہ مبارک کے بیان میں
حَدَّثَنَا هَنَّادُ بْنُ السَّرِيِّ قَالَ : حَدَّثَنَا وَكِيعٌ ، عَنْ دَلْهَمِ بْنِ صَالِحٍ ، عَنْ حُجَيْرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، عَنِ ابْنِ بُرَيْدَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، أَنَّ النَّجَاشِيَّ أَهْدٰى لِلنَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خُفَّيْنِ أَسْوَدَيْنِ سَاذِجَيْنِ ، فَلَبِسَهُمَا ثُمَّ تَوَضَّأَ وَمَسَحَ عَلَيْهِمَا.
ترجمہ: حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ بادشاہِ حبشہ نجاشی نے حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں سیاہ رنگ کے دو سادے موزے ہدیہ میں بھیجے۔ حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو پہنا،پھر وضو کیا تو ان پر مسح کیا۔
زبدۃ:
1: حبشہ کے بادشاہ کا اصل نام ”اصحمہ“ تھا۔ بعض محدثین کے نزدیک یہ اس وقت مسلمان ہو چکا تھا اور بعض حضرات کی رائے یہ ہے کہ یہ اس وقت تک مسلمان نہیں ہواتھا۔اس بناء پر علماء نےاس حدیث سے یہ دلیل پکڑی ہےکہ کافر کا ہدیہ قبول کرنا جائز ہے البتہ چونکہ دوسری بعض روایات میں کافر کے ہدیہ سے انکار بھی ہے اس لیے اصل صورت حال یہ ہے کہ اگر کافر کے ہدیہ قبول کرنے میں دین کے نقصان کا خدشہ ہو تو قبول کرنا جائز نہیں اور اگر دین کا نقصان نہ ہو تو قبول کرنے میں کوئی حرج کی بات نہیں۔
2: چمڑے کا بنا ہوا موزہ پاؤں پر پہنا جاتا ہے۔ جب وضو کرکے اس کو پہن لیا جائے تو دوبارہ وضو کی ضرورت پیش آنے کی صورت میں اس پر مسافر کے لیے تین دن تین رات اور مقیم کے لیے ایک دن ایک رات تک مسح کرنا جائز ہے۔ نیز ایسی جرابوں پر بھی مسح جائز ہے جو خوب موٹی ہوں اور کسی چیز سے باندھے بغیر تین چار میل ان کو پہن کر چل سکتا ہو۔ آج کل کی باریک اونی یا سوتی جرابوں پر مسح کرنا جائز نہیں ہے۔ لہذا اس کا خاص خیال کیا جائے کہ باریک جرابوں پر مسح کرنے کا یہ فتنہ بھی عام ہو رہا ہے۔
3: موزے کے آداب میں سے ہے کہ موزہ پہننے سے پہلے جھاڑ لینا چاہیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ امام طبرانی رحمۃ اللہ علیہ نے معجزات میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے ایک روایت بیان کی ہے کہ ایک سفر میں جنگل میں حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک موزہ پہنااور دوسرے کے پہننے کا ارادہ فرمارہے تھے کہ ایک کوا آکر دوسرا موزہ اٹھا کر لے گیا اور اوپر لے جا کر اس کوپھینک دیا۔اس میں ایک سانپ گھسا ہوا تھا جو کہ گرنے کی چوٹ لگنے سے باہر آگیا۔ حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے حق تعالیٰ کا شکر ادا فرمایا کہ اس نے موذی جانور سے حفاظت فرمائی اور موزہ کے آداب میں یہ بات فرمادی کہ مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ جب موزہ پہننےکا ارادہ کرے تو اس کو جھاڑ لے۔ بند اور لمبے جوتوں کو بھی پہننے سے پہلے جھاڑ لینا چاہیے۔