امام اعظم ابوحنیفہ امت اور سراج امت

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
امام اعظم ابوحنیفہ امت اور سراج امت
ماہنامہ فقیہ، جولائی، اگست2012ء
گرد چھٹ گئی، چند شوریدہ سروں کی آبلہ پا ئی نے صحراء کو سمیٹ کر رکھ دیا۔ بدعت والحاد کے خارستان میں تلووں کو سہارنے والے کس قدر خوش تھے جب انہیں بام منزل سے پکارا گیا کہ آؤ تمہاری منزل تو یہ ہے روشن خیالی کی خیالی روشنی کسی چکاچوند سے امت کو اسلاف سے بدگمان کرنے کی کوشش کی تو بندہ نے عزم کیا کہ ان شاء اللہ امت کے ان چراغوں کی روشنی کو اور تیز کریں گے اور اس روشنی سے مستفید ہونے کے راستے میں حائل شکوک وشبہات کی رکاوٹوں کو ختم کریں گے۔
پس پاکستان کے دار الخلافہ میں امت کے محسن امام اعظم ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے فضائل ومناقب بیان کرنے اور امت کو سراج امت سے روشناس کروانے کے لیے امام اعظم ابوحنیفہ رحمہ اللہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا تیسرا پروگرام 10جون بروز اتوار 2012ء کو اسلام آباد ہوٹل میں وقوع پذیر ہوا۔
پروگرام ہماری توقع سے بڑھ کر کامیاب رہا اور عوام الناس،ڈاکٹروں سکالروں اور ایلیٹ کلاس طبقہ کی انتہائی ذوق وشوق سے شمولیت نے استاد محترم حضرت مولانا زاہد الراشدی حفظہ اللہ کے اس جملے کی حقانیت پر مہر تصدیق ثبت کردی کہ اگر ماضی کی الجھی گتھیاں امام اعظم کی فقیہانہ بصیرت سے سلجھی تھیں تو امت کا مستقبل بھی امام ابوحنیفہ ہی کی راہ دیکھ رہا ہے۔
آج اغیار ہمیں اپنے ماضی سے کاٹ کر مستقبل کے گرداب میں پھنسانا چاہتے ہیں جہاں کوئی راہ نما ہو نہ نشان راہ،اس بین الاقوامی سازش کے راستے میں بندھ باندھنے کے لیے اور ذہنی آوارگی کی موثر روک تھام اور ریگولر مسلمانوں کو سیکولر ہونے سے بچانے کے لیے ہر سال اسلام آباد میں اور ملک بھر میں مختلف سیمینارز کا اہتمام کیا جاتاہے، جس میں سیاست وعسکریت سے ہٹ کر خالصتاً علمی مسائل پر گفتگو کی جاتی ہے اور علم دوست طبقہ اس پروگرام کا سال بھر انتظار کرتاہے۔
ہمارے تمام سیمینارز کا مقررہ وقت پر شروع ہوکر مقررہ وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچنا ہمارے خدا کا خالص فضل ہے۔اور ویسے بھی وقت کی پابندی زندہ قوموں کا شیوہ ہوتاہے اور اتحاد اہل السنۃ والجماعۃ پابندی وقت میں بحمداللہ بے مثال جماعت ہے۔
مشائخ کی شرکت اور عوام الناس کے انہماک نے اس نورانی مجلس کو اور زیادہ پر نور بنا دیا۔ خدا ہمارے عزائم کی تکمیل فرمائے اور انگریز کی پیداکردہ آزادی مذہب کا بےڈھب افسانہ طاق نسیاں بن جائے۔
آمین بجاہ النبی الامی الکریم
والسلام
محمد الیاس گھمن