قسط 3- اعمالِ جمعۃ المبارک

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
قسط 3- اعمالِ جمعۃ المبارک
اللہ کے فضل و کرم سے ہماری جماعت عالمی اتحاد اھل السنۃ والجماعۃ جیسے عقائد پر محنت کرتی ہےبالکل اسی طرح اعمال پر بھی محنت کرتی ہے،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مقاصد بعثت میں تزکیہ نفس کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، اس لیے تمام احباب اپنے آپ کو اعمال مسنونہ کا پابند بنائیں ، کل جمعہ کا مبارک دن ہے ۔
جمعہ دنوں کا سردار دن کہلاتا ہے ۔ اس نام کی مستقل ایک سورۃ قرآن کریم میں نازل ہوئی،اس دن مسنون اعمال کا اہتمام کریں کوشش کریں کہ جمعۃ المبارک کی تمام فضیلتیں مل جائیں ۔
1:غسل کرنا
عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُمَا أَنَّ رَسُوْلَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ إِذَا جَاءَ أَحَدُكُمُ الْجُمُعَةَ فَلْيَغْتَسِلْ۔
صحیح بخاری، باب فضل الغسل يوم الجمعۃ، حدیث نمبر 877
ترجمہ: حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جس شخص کو جمعہ کا دن نصیب ہو جائے وہ غسل کرے ۔
2:مسواک کرنا
عَنْ أَبِي سَعِيدٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ أَشْهَدُ عَلَى رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ ۔۔ وَأَنْ يَسْتَنَّ۔
صحیح بخاری، باب الطیب للجمعۃ، حدیث نمبر 880
ترجمہ: حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: )جمعہ والے دن ( مسواک کرے ۔
3:خوشبو لگانا
عَنْ أَبِي سَعِيدٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ أَشْهَدُ عَلَى رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ … وَأَنْ يَمَسَّ طِيبًا إِنْ وَجَدَ۔
صحیح بخاری، باب الطیب للجمعۃ، حدیث نمبر 880
ترجمہ: حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر میسر ہو تو)جمعہ والے دن ( خوشبو لگائے۔
4:تیل لگانا
عَنْ سَلْمَانَ الْفَارِسِيِّ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ … وَيَدَّهِنُ مِنْ دُهْنِهِ.
صحیح بخاری، باب الدھن للجمعۃ ، حدیث نمبر 883
ترجمہ: حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: )جمعہ والے دن ( تیل لگائے ۔
5:صاف لباس پہننا
عَنْ أَبِي ذَرٍّ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى الله عَليْهِ وسَلَّمَ قَالَ ۔۔ وَلَبِسَ مِنْ أَحْسَنِ ثِيَابِهِ۔
سنن ابن ماجہ، با ب ماجاء فی الزینۃ یوم الجمعۃ ، حدیث نمبر1097
ترجمہ: حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: )جمعہ والے دن ( اچھا لباس پہنے۔
6:جمعہ کےدن نماز فجر کی مسنون تلاوت
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي الْجُمُعَةِ فِي صَلَاةِ الْفَجْرِ (فِي الْفَجْرِ يَوْمَ الْجُمُعَةِ) الم تَنْزِيلُ السَّجْدَةَ وَهَلْ أَتَى عَلَى الْإِنْسَانِ۔
صحیح بخاری،باب ما یقرأ فی صلاۃ الفجر یوم الجمعۃ ، حدیث نمبر 891
ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ والے دن نماز فجر )کی پہلی رکعت (میں سورۃ الم تنزیل السجدہ اور ) دوسری رکعت میں (ھل اتی علی الانسان )سورۃ الدھر (پڑھا کرتے تھے ۔
نوٹ: سورۃ الم تنزیل السجدہ اکیسویں پارے میں جبکہ سورۃ الدھرانتیسویں پارے میں موجود ہے ۔
7:جمعہ کی اذان کے وقت خرید و فروخت اور کاروبار بند کرنا
وَقَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُمَا يَحْرُمُ الْبَيْعُ حِينَئِذٍ وَقَالَ عَطَاءٌ تَحْرُمُ الصِّنَاعَاتُ كُلُّهَا۔
صحیح بخاری، باب المشی الی لجمعۃ
ترجمہ: حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:اس وقت) یعنی اذان جمعہ کے وقت (خرید و فروخت حرام ہو جاتی ہے اور حضرت عطاء رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس وقت) یعنی اذان جمعہ کے وقت ( تمام کاروبار حرام ہو جاتے ہیں ۔
8:نماز جمعہ کے لیے پیدل جانا
عَنْ أَوْسِ بْنِ أَوْسٍ الثَّقَفِيِّ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ … وَمَشَى وَلَمْ يَرْكَبْ ۔
سنن ابن ماجہ،باب ماجاء فی الغسل یوم الجمعۃ ، حدیث نمبر 1077
ترجمہ: حضرت اوس بن اوس ثقفی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے : )جمعہ والے دن ( پیدل جائے سوار ی پر نہ جائے۔
نوٹ: اگر کوئی عذر ہو تو سواری پر بھی جا سکتے ہیں۔
9: جامع مسجد جلدی پہنچنا
عَنْ أَوْسِ بْنِ أَوْسٍ الثَّقَفِيِّ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ… وَبَكَّرَ وَابْتَكَرَ۔
سنن ابن ماجہ،باب ماجاء فی الغسل یوم الجمعۃ ، حدیث نمبر 1077
ترجمہ: حضرت اوس بن اوس ثقفی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے : )جمعہ والے دن جامع مسجد کی طرف ( جلدی جائے ۔
10:امام کے قریب بیٹھنا
عَنْ أَوْسِ بْنِ أَوْسٍ الثَّقَفِيِّ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ… وَدَنَا مِنْ الْإِمَامِ۔
سنن ابن ماجہ،باب ماجاء فی الغسل یوم الجمعۃ ، حدیث نمبر 1077
ترجمہ: حضرت اوس بن اوس ثقفی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے : )جمعہ والے دن جامع مسجد پہنچ کر( امام کے قریب ہو کر بیٹھے۔
11:خطبہ جمعہ کو خاموشی سے سننا اور چپ رہنا
قَالَ سَلْمَانُ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُنْصِتُ إِذَا تَكَلَّمَ الْإِمَامُ۔
صحیح بخاری ، باب الانصات یوم الجمعۃ والامام یخطب
ترجمہ: حضرت سلمان رضی اللہ عنہ ؛نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کریں ہیں کہ جب امام )بیان کرے یا (خطبہ دے )توسننے والا ( چپ رہے ۔
عَنْ أَوْسِ بْنِ أَوْسٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ … وَاسْتَمَعَ وَأَنْصَتَ.
المعجم الکبیر للطبرانی ، باب فی الغسل یوم الجمعۃ ، حدیث نمبر 587
ترجمہ: حضرت اوس بن اوس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: )جمعہ والے دن جامع مسجد پہنچ کر امام کے قریب ہو کر بیٹھے( اور خوب خاموشی سے سنے اور مکمل چپ رہے۔
12:نماز جمعہ کی مسنون تلاوت
عَنْ ابْنِ أَبِي رَافِعٍ………فَصَلَّى لَنَا أَبُو هُرَيْرَةَ الْجُمُعَةَ فَقَرَأَ بَعْدَ سُورَةِ الْجُمُعَةِ فِي الرَّكْعَةِ الْآخِرَةِ إِذَا جَاءَكَ الْمُنَافِقُونَ …… فَقَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ إِنِّي سَمِعْتُ رَسُولَ اللّهِ صَلَّى اللّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ بِهِمَا يَوْمَ الْجُمُعَة.
صحیح مسلم، باب ما یقرأ فی صلاۃ الجمعۃ ، حدیث نمبر1451
ترجمہ: حضرت ابن ابی رافع رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ ہمیں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے جمعہ کی نماز پڑھائی جس کی پہلی رکعت میں سورۃ الجمعۃ اور دوسری رکعت میں سورۃ المنافقون کی تلاوت کی …آپ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو انہی دو سورتوں کی نماز جمعہ میں تلاوت کرتے ہوئے سنا۔
نوٹ: نماز جمعہ میں تلاوت کے بارے ایک اور حدیث بھی ملاحظہ فرمائیں:
عَنْ النُّعْمَانِ بْنِ بَشِيرٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي الْعِيدَيْنِ وَفِي الْجُمُعَةِ بِسَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلَى وَهَلْ أَتَاكَ حَدِيثُ الْغَاشِيَةِ ۔
صحیح مسلم، باب ما یقرأ فی صلاۃ الجمعۃ ، حدیث نمبر1452
ترجمہ : حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عیدین اور نماز جمعہ کی پہلی رکعت میں سورۃ الاعلیٰ اور دوسری میں سورۃ الغاشیہ کی تلاوت فرمایا کرتے تھے ۔
13:درود پاک کثرت سے پڑھنا
عَنْ أَبِي الدَّرْدَاءِ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: أَكْثِرُوا الصَّلَاةَ عَلَيَّ يَوْمَ الْجُمُعَةِ۔
سنن ابن ماجہ، باب ذکر وفاتہ و دفنہ صلی اللہ علیہ وسلم ، حدیث نمبر 1637
ترجمہ: حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھ پر جمعہ کے دن کثرت کے ساتھ درود بھیجا کرو ۔
نوٹ: جمعۃ المبارک والے دن نماز عصر کے بعد اپنی جگہ سے اٹھنے سے پہلےاور کسی سے بات کرنے سے قبل 80 مرتبہ یہ درود پاک پڑھ لیں:
اللھم صلی علی محمدنِ النبی الامی وعلی آلہ وسلم تسلیماً
اس کی برکت سے اللہ تعالیٰ 80 سال کے گناہ معاف فرماتے ہیں ۔
14:نماز جمعہ کے بعد کھانا کھانا اورقیلولہ کرنا
عَنْ سَهْلٍ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ قَالَ: مَا كُنَّا نَقِيلُ وَلاَ نَتَغَدَّى إِلاَّ بَعْدَ الْجُمُعَةِ
صحیح مسلم ، باب وقت صلاة الجمعۃ،حدیث نمبر 1946
ترجمہ : حضرت سہل رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہم )صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ( نماز جمعہ کے بعدقیلولہ)یعنی دن کے ایک حصے میں تھوڑی دیر کے لیے سو نا( کرتے اور کھانا کھاتے۔
15:سورۃ الکہف تلاوت کرنا
عَنْ عَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّهِ صَلَّى اللّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَنْ قَرَأَ سُورَةَ الْكَهْفِ يَوْمَ الْجُمُعَةِ فَهُوَ مَعْصُومٌ إِلَى ثَمَانِيَةِ أَيَّامٍ مِنْ كُلِّ فِتْنَةٍ تكون فَإِنْ خَرَجَ الدَّجَّالُ عُصِمَ مِنْهُ۔
الاحادیث المختارۃ للمقدسی، حدیث نمبر 430
ترجمہ: حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے جمعہ والے دن سورۃ الکہف کی تلاوت کی تو وہ آئندہ جمعہ تک ہر طرح کے فتنے سے بچ جاتا ہے ، یہاں تک کہ اگر دجال بھی نکل آئے تو اس سے بھی محفوظ رہے گا ۔
نوٹ: احادیث شریفہ کی روشنی میں جمعہ کے دن قبولیت والی گھڑی کے متعلق علماء نے دو وقتوں کو ذکر کیا ہے۔

1)

دونوں خطبوں کا درمیانی وقت، جب امام منبر پر کچھ لمحات کے لیے بیٹھتا ہے۔ زبان کے بجائے صرف دل میں دعا کریں۔

2)

غروبِ آفتاب سے کچھ وقت قبل۔
اللہ کریم سے دعا ہے کہ ہمیں مبارک ایام کو سنت کے مطابق گزارنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم صلی اللہ علیہ وسلم
والسلام
محمد الیاس گھمن
مدینہ منورہ ، سعودی عرب
جمعرات، 19 جنوری، 2017ء