مدارس اسلامیہ کا نیا تعلیمی سال

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
مدارس اسلامیہ کا نیا تعلیمی سال
اللہ کریم سارے جہانوں کا خالق اور پروردگار ہے تمام مخلوقات کا وجود اسی کے ارادہ کن کا مظہر ہے۔ وہی بہتر جانتا ہے کہ مخلوق کا نفع کس میں ہے اور اس کے لیے نقصان دہ امور کون سے ہیں۔؟
چونکہ اس ذات کا علم کامل ہے اس لیےاس نے مخلوقات میں سے انس و جن کو ایمان و احکام کا مکلف بنایا۔ پھر اپنے اسی کامل علم کی بنیاد پر مکلف مخلوقات کی رہنمائی کے لیے دستور حیات قرآن کریم نازل فرمایا۔
پھر یہ بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ کلام ربانی کے اسرار ،حکمتیں اورمراد معلوم کرنا ہر کس و ناکس کے بس کا کام نہیں چنانچہ حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو مبعوث فرمایا گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے زندگی گزارنے ، ترقیات پانے اور آخرت سنوارنےکے زریں اصول سمجھائے اگر انہی اصولوں کو پیش نظر رکھ کر زندگی بسر کی جائے تو کامیابیاں ہی کامیابیاں ہیں اور اگر ان اصولوں سے روگردانی کر کے زندگی کے دن کاٹے جائیں تو ممکن ہے کہ دنیا میں بظاہر کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے لیکن آخرت ضرور برباد ہوگی۔ آج انہی اصولوں کو سیکھنے ، سکھانے اور اپنانے کی ضرورت ہے اور یہ سب کچھ مدارس اسلامیہ سے ہی مل سکتا ہے۔
حق تعالیٰ کی محبت و معرفت
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت و فرمانبرداری
قرآن کا تقدس ، وحی کا نور ، کلام الہی کی معنویت
دوسری طرف اس بات کا انکار بھی نہیں کیا جا سکتا کہ جب تک یہ مذکورہ بالا تمام چیزیں باقی ہیں قیامت کبریٰ کا وقوع نہیں ہو سکتا گویا دنیا کا سارا نظام مدارس اسلامیہ ہی کا مرہون منت ہے۔
آج کچھ نام نہاد عقل مندوں کی رائے یہ ہے:
مدارس اسلامیہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
موجودہ دور کے چیلنجز کو نبھانے کی اہلیان مدارس میں اہلیت نہیں ، جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی علوم پر ان کو دسترس نہیں۔ وغیرہ وغیرہ
لیکن زمینی حقائق ان مضحکہ خیز پروپیگنڈے کا بڑی شدت سے انکار کرتے ہیں۔ لیکن بحیثیت عالم اور انبیاء کرام علیہم السلام کے وارث ہونے کے ناتے ان کی ذمہ داریاں بالکل الگ ہیں۔ دین کی تبلیغ ، اشاعت ، تحفظ اور نفاذ ، صحیح عقائد و مسائل اور احکامات اسلامیہ کا پرچار ہی ان کی محنت کا میدان ہے۔ اس حوالے سے صحیح تعلیم و تربیت ،اصلاح نفس و تزکیہ باطن کی عملی درس گاہیں ہی حقیقت میں مدارس اسلامیہ کہلانے کی مستحق ہیں۔
خوش نصیب وہ لوگ ہیں جو خود بھی علوم شریعت سے بہرہ ور ہیں اور اپنی اولاد کو بھی اس راہ پر چلا رہے ہیں۔ قرآن وسنت میں اہل علم کے بے شمار فضائل مذکور ہیں۔ اللہ کرے مدارس کا یہ فیض تا قیامت جاری رہے۔ اللہ کریم اہلیان مدارس کی تمام کاوشوں کو اپنی بارگاہ میں قبولیت نصیب فرمائے۔
شوال المکرم سے مدارس میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو چکا ہے۔ مہمانان رسول جوق در جوق مدارس میں کھنچے چلے آئے ہیں۔ اور یہاں آ کر انہوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ مدارس پر انگلی اٹھانے والو!تمہارے منفی پروپیگنڈوں سے متلاشیان علم اور داعیان حق کا قافلہ کبھی نہیں رُک پائے گا۔