پیش لفظ

User Rating: 4 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar ActiveStar Inactive
 
بِسۡمِ اللہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ
پیش لفظ
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم اما بعد!
قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا آخری کلام ہے جو اس نے آخری پیغمبر حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرما یا۔ انسانوں کے لیے یہ کتاب سرچشمہ ہدایت ہے۔ اس کتاب کے الفاظ کو یاد رکھنا، اس کے معانی و مطالب سمجھنا اور اس کے تقاضوں پر عمل کرنا دنیا کی کامیابی اور آخرت کی کامرانی کا ذریعہ ہے۔
قرآن کریم کی خدمت کے حوالے سے ہمارے پیشِ نظر تین اہداف تھے جن میں سے دو بحمد اللہ مکمل ہو چکے ہیں اور ایک باقی ہے۔
1: منتخب آیات کی تفسیر:
قرآن کریم کی وہ آیات جو اعتقادات اور احکام و مسائل سے متعلق ہیں ان کی ایسی عام فہم تشریح و تفسیر کی جائے جس سے بنیادی عقائد واحکام کھل کر سامنے آئیں۔ ساتھ ساتھ اگر ان آیات کا معنی سمجھنے میں کسی سے غلطی ہوئی ہے تو اس کی بھی دلیل کی روشنی میں نشاندہی کی جائے۔ بحمداللہ ہم نے اس ہدف کو مکمل کر لیا ہے۔ ”دروس القرآن“ کے عنوان سے منتخب آیات کی تفسیر پر مشتمل پانچ جلدیں شائع ہو چکی ہیں۔ اہل علم کی حوصلہ افزائی اور حد درجہ پذیرائی سے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ دروس القرآن کے حوالے سے جو مقاصد ہمارے پیشِ نظر تھے بفضل اللہ ہم ان میں کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔ علمائے کرام اور طلبائے عظام کے ساتھ ساتھ عوام الناس کے لیے بھی اس کا مطالعہ مفید رہے گا۔
2: خلاصۃ القرآن:
رمضان المبارک میں روزہ اور تراویح اہم عبادتیں ہیں۔ تلاوت اور نمازِ تراویح کی وجہ سے قرآن کریم سے مناسبت عام مہینوں کی بنسبت اس ماہ میں زیادہ ہوتی ہے۔ عوام کے اس ذوق و شوق کے پیش ِنظر قرآن کریم کا مکمل خلاصہ اگر ان کے سامنے پیش کیا جائے تو کم وقت میں قرآن کے اہم مضامین ان کے سامنے آ جاتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ”خلاصۃ القرآن“ آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ ہم نے ہر پارے کا مختصر انداز میں خلاصہ پیش کیا ہے۔ رمضان المبارک میں اس کے درس کا طریقہ یہ اختیار کیا جائے کہ تراویح پڑھانے والے امام صاحب اگر عالم ہوں تو اس کا مطالعہ کر کے تراویح کے بعد اسے بیان کر دیا کریں۔ اگر کوئی عالم میسر نہ ہو تو خود امام صاحب یا کوئی مقتدی اس خلاصۃ القرآن سے ایک پارے کا خلاصہ دیکھ کر سنا دیا کریں۔ اس سے ان شاء اللہ رمضان المبارک میں پورے قرآن کریم کا خلاصہ سب کے سامنے آ جائے گا۔
قارئین سے گزارش ہو گی کہ اس ”خلاصۃ القرآن“ میں اگر کہیں کوئی غلطی دیکھیں تو مطلع فرمائیں تاکہ آئندہ ایڈیشن میں اس کی اصلاح کی جا سکے۔
3: مکمل تفسیر القرآن:
ہمارے پیشِ نظر تیسرا ہدف یہ ہے کہ قرآن کریم کی مکمل تفسیر عوام کے سامنے لائی جائے جس میں قرآن کریم کا سلیس ترجمہ، آیات کا شانِ نزول،آیات کی تفسیر اور موجودہ دور میں قرآن کریم سے رہنمائی کے اصول بیان کیے جائیں۔ احباب دعا فرمائیں کہ اللہ تعالیٰ اس کام کے لیے توفیق عطا فرمائے تاکہ جلد از جلد یہ تفسیر آپ کے سامنے ہو۔
اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن کریم کا فہم عطا فرمائے، اس پر عمل کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری اس محنت کو اپنی رضا کا سبب بنائے۔
آمین بجاہ النبی الکریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ واصحابہ وازواجہ اجمعین.
والسلام
محتاجِ دعا
محمدالیاس گھمن
یکم جمادی الاولیٰ - 1442ھ
بمطابق17-دسمبر2020ء