سورۃ القریش

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
سورۃ القریش
بِسۡمِ اللہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ
﴿لِاِیۡلٰفِ قُرَیۡشٍ ۙ﴿۱﴾ اٖلٰفِہِمۡ رِحۡلَۃَ الشِّتَآءِ وَ الصَّیۡفِ ۚ﴿۲﴾﴾
قریش کی عظمت اس واقعہ فیل کے بعد پوری دنیا میں مشہور ہو گئی کہ یہ بہت نیک ہیں، عظمت والے ہیں، عزت والے ہیں، ہر کوئی ان کا احترام کرتا تھا۔ یہ لوگ سردیوں میں اور گرمیوں میں سفر کرتے تھے تجارت کے لیے۔ ان کی عادت یہ تھی کہ یمن گرم علاقہ ہے اور شام ٹھنڈا ہے تو یہ سردیوں میں یمن جاتے اور گرمیوں میں شام جاتے اور کعبے کی عظمت کی وجہ سے لوگ ان کا احترام کرتے تھے۔ قافلوں پہ ڈاکے پڑتے لیکن انہیں کوئی کچھ نہیں کہتا تھا۔ تو اللہ پاک نے ان نعمتوں کا ذکر فرمایا کہ تم ان نعمتوں کا شکر ادا کرو۔
﴿لِاِیۡلٰفِ قُرَیۡشٍ ۙ﴿۱﴾ اٖلٰفِہِمۡ رِحۡلَۃَ الشِّتَآءِ وَ الصَّیۡفِ ۚ﴿۲﴾﴾
قریش کے مانوس ہو جانے کی وجہ سے یعنی گرمی اور سردی کے سفر سے مانوس ہو جانے کی وجہ سے۔
اس کا محذوف کیا ہے؟ ”اَہْلَکْنَا اَصْحَابَ الْفِیْلِ“ ہم نے ان ہاتھی والوں کو تباہ کیا تھا قریشیوں کی وجہ سے، جب وہ تباہ ہوئے تو قریش کو مزید عزت ملی۔
﴿فَلۡیَعۡبُدُوۡا رَبَّ ہٰذَا الۡبَیۡتِ ۙ﴿۳﴾ الَّذِیۡۤ اَطۡعَمَہُمۡ مِّنۡ جُوۡعٍ ۬ۙ وَّ اٰمَنَہُمۡ مِّنۡ خَوۡفٍ ٪﴿۴﴾﴾
اس لیے ان کو چاہیے کہ اس گھر ؛ بیت اللہ کے رب کی عبادت کریں جس رب نے ان کو بھوک میں کھلایا اور جس نے خوف سے ان کو امن دیا۔
عبادت کے لیے دو اہم چیزیں:
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ عبادت کے لیے دو چیزیں بہت ضروری ہیں :
1 : فقر وفاقہ نہ ہو۔
2: بد امنی نہ ہو۔
امن ہو اور پیٹ میں خوراک ہوتو عبادت کرنے کا آدمی کو لطف آتا ہے۔
دو نعمتیں بہت اہم ہیں اور خصوصاً اپنے ملک پاکستان کے لیے دعا کیا کریں اللہ تعالیٰ ہمیں دونوں چیزیں عطا فرمائیں! اللہ معیشت میں کسی کا محتاج نہ بنائیں اور اللہ امن میں غیر کا محتاج نہ بنائیں۔ اللہ ہمارے ملک پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائے۔ آمین
وَاٰخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ․