خواب اور ان کی تعبیر

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
خواب اور ان کی تعبیر
مولانا عابد جمشید
خواب: میں ساہیوال میں رہتی ہوں اور میٹرک کی طالبہ ہوں۔ میں نے یہ خواب کئی مرتبہ دیکھا ہے اور اس کی وجہ سے بہت پریشان رہتی ہوں۔ میں نے اپنی بہت سی سہیلیوں کو بھی یہ خواب سنایا لیکن کسی کے جواب سے بھی تسلی نہیں ہوئی۔ خواب کچھ یوں ہے کہ میں ایک پرانے سے ٹینک پر سوار ہوں اور اس کو بڑی تیزی سے چلا رہی ہوں۔ راستے میں میری امی کھڑی ہیں اور مجھے رکنے کا اشارہ کرتی ہیں مگر میں ان کی بات نہیں مانتی۔
پھر منظر بدلتاہے اور تھوڑا آگے جا کر کچھ گھر نظر آتے ہیں ان گھروں کے پاس عورتیں ، بچے اور کچھ مرد کھڑے ہوئے ہیں۔ میں ان پرٹینک سے گولے برسانا شروع کر دیتی ہوں مگر وہ لوگ بالکل خوف زدہ نہیں ہوتے بلکہ خوش ہوتے ہیں یہ خواب مجھے تھوڑے بہت فرق کے ساتھ کئی مرتبہ نظر آیا ہے۔ برائے کرم اس کی تعبیر بتلائیں۔
( بنت اشرف، ساہیوال )
تعبیر :
محترمہ! اپنے خواب کی تعبیر سے پہلے یہ جان لیںکہ ہر کس و نا کس کو اپنا خواب سنا کر تعبیر معلوم کرنا درست نہیں آئندہ اپنی سہیلیوں سے خواب کی تعبیر دریافت کرنے سے احتراز فرمائیں۔ آپ کے خواب سے دو چیزوں کا اشارہ ملتا ہے اول تو یہ کہ آپ والدین کی کما حقہ اطاعت نہیں کرتیں۔ اور دوسرے یہ کہ آپ غیبت سے اجتناب نہیں کرتیں۔ یہ خواب آپ کے لیے تنبیہ ہے کہ اس عمل سے اجتناب برتیں۔
خواب:
میری ایک بیٹی ہے جس کا نام فاطمہ ہے اور اس کی عمر ابھی صرف چار سال ہے میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اس کو زمین پر لٹا کر ذبح کر نے کی کوشش کررہا ہوں پھر اچانک میری آنکھ کھل گئی۔ مولانا صاحب میں نے جب سے یہ خواب دیکھا ہے بہت پریشان رہتا ہوں آپ سے درخواست ہے کہ اس کی تعبیر بذریعہ ای میل بتادیں۔
(رضوان ،شارجہ )
تعبیر :
ما شاءاللہ بہت مبارک خواب ہے اللہ تعالی آپ کی بیٹی سے اپنے دین کی خدمت کا خوب کام لیں گے اور ان شاءاللہ آپ کی نسل میں ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو دین اسلام کے لیے بڑے بڑے کام کریں گے۔ اپنی بیٹی کی دینی تربیت اور اچھی تعلیم کا بہت اہتمام کریں۔
اللہ تعالی آپ کی بچی کی حفاظت فرمائیں۔
خواب:
بھائی جان !میرے خاوند ایک دفتر میں ملازمت کرتے ہیں۔ میں نے خواب میں کئی مرتبہ ان کو بطور کمیشن ایجنٹ لوگوں سے ڈیلنگ کرتے ہوئے دیکھا ہے اس کی کیا تعبیر ہے ؟ کیا وہ ملازمت چھوڑ کر یہ کام شروع کرلیں؟
(مریم عمران ،فیصل آباد)
تعبیر :
آپ کے خاوند جو ملازمت کر رہے ہیں وہی کرتے رہیں۔ اس خواب میں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ آپ کے شوہر کو لوگوں کی نیکی کے راستے کی طرف بلانا چاہیے اور اس کا بہترین طریقہ جماعت کے ساتھ وقت لگانا ہے۔ دفتری اوقات اور گھر والوں کے حقوق کی رعایت رکھتے ہوئے جتنا ممکن ہو لوگوں کو دین کی طرف دعوت دینی چاہیے۔
ہدایات :
تعبیرمعلوم کرنے کے لیے خواب بھیجنے سے قبل درج ذیل باتوں کا اہتمام فرمائیں۔علم تعبیر میں ان کا بہت دخل ہوتا ہے۔
-1 خواب ہمیشہ سچا ہی بیان کریں جھوٹے اور من گھڑت خواب روانہ نہ کریں۔
-2 اپنا پورا نام بمعہ ولدیت تحریر کریں۔ اگر نام کی اشاعت مقصود نہ ہو تو ساتھ اس بات کی وضاحت بھی کردیں۔
-3 علاقے کا نام بھی ضرور لکھیں۔
-4 خواب کب دیکھا ؟ موسم اور وقت کی وضاحت ضرور کریں، گرمی ، سردی ، بہار ، خزاں اور دن یا رات کی صراحت بھی فرمائیں۔ اگر یاد ہو تو یہ بھی لکھ دیں کہ خواب رات کے کس حصہ میں دیکھا تھا۔
-5 اپنی مصروفیت (پیشہ ، تعلیم وغیرہ ) کی وضاحت کردیں۔
یاد رکھیے !یہ تفصیلات اور دیگر ذاتی معلومات شائع نہیں کی جائیں گی۔