مسائل کا حل

User Rating: 5 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar ActiveStar Active
 
مسائل کا حل
مولانا محمد کلیم اللہ
سوال:
میں نے ایک سوال پوچھنا ہے ہمارے گھرمیں بڑی عمر کی عورتیں ہمیں کہتی ہیں کہ نماز پڑھنے کے بعد جائے نماز(مصلیٰ)کوالٹاکردیناچاہیے۔ ورنہ شیطان اس پر نماز پڑھاتاہے۔ مولانا صاحب !کیاواقعی شیطان نمازاداکرتاہے اورجائے نماز کوالٹ دیناچاہیے؟
جواب:
اللہ تعالی ہدایت عطافرمائے !ایسی کوئی بات شریعتِ محمدیہ میں نہیں ہے۔ شیطان نماز نہیں پڑھتا۔ہاں!جائے نماز یامصلی وغیرہ کوالٹاکردینااس لیے ہوتاہے تاکہ خراب نہ ہو اور گندے پاﺅں اس پر نہ پڑیں۔
واللہ اعلم بالصواب
سوال:
میں ساتویں کلاس کی طالبہ ہوںہمارے اسکول کے باہر ایک شخص بیٹھارہتاہے۔ جو لوگوں کے ہاتھ دیکھ کر بتلاتاہے کہ تمہاری زندگی لمبی ہے۔ تمہاری شادی کس سن میں ہوگی۔ تمہارے کتنی اولاد ہوگی اوراس طرح کی بہت سی باتیں۔ آج کل تواس کے پاس رش نہیں ہوتا اِکادُکالوگ ہوتے ہیں۔ میں نے آپ سے یہ پوچھناتھا کہ کیاہاتھ کی لکیروں سے واقعی زندگی موت کے فیصلے سمجھ آسکتے ہیں؟
جواب:
اللہ آپ کونورہدایت عطافرمائے، میری بہن! ان لوگوں کونجومی یاپامسٹ کہتے ہیں ان کاکاروبارسراسرغلط اورناجائزہے اورجولوگ ان کی باتوں پردل سے یقین رکھتے ہیں وہ اسلام سے خارج ہیں۔ مسلم شریف میں ایک روایت ہے کہ جوشخص کسی کاہن کے پاس گیاتواس کی چالیس دن کی نماز یںقبول نہ ہوں گی۔اسی طرح مسند احمداورابوداﺅد میں ایک روایت ہے کہ تین اشخاص اس دین سے بری ہیں جو محمد ﷺ پرنازل ہوا:ایک ان میں وہ بھی ہے جوکاہن کی باتوں کی تصدیق کرے۔ اس کے ساتھ ایک وضاحت بھی ضروری ہے کہ ہماری بعض اخبارات میںایک صفحہ ہوتاہے۔جس پراس طرح کے عنوانات درج ہوتے ہیں:
کل کا دن کیسارہے گا؟آپ کا یہ ہفتہ کیسارہے گا؟وغیرہ وغیرہ۔ اخبارات کے ایڈیٹرحضرات کو بھی چاہیے کہ اس کی جگہ اسلامی تعلیمات یاپھرمعلومات عامہ کوجگہ دیں۔ اس سے نہ صرف غلط قسم کے لوگوں کے کاروبار کوفروغ ملتاہے بلکہ اخبارات کے قارئین وقاریات کے ایمان بھی متزلزل ہوتے ہیں۔یہ تمام غیب کی باتیں ہیں۔جنہیں سوائے اللہ تعالی کے اورکوئی بھی نہیں جانتا۔اللہ ہم سب کوعقل سلیم عطافرمائے۔
واللہ اعلم بالصواب