خواب اور انکی تعبیر

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
خواب اور انکی تعبیر
مولانا عابد جمشید
السلام علیکم کے بعد عرض ہے کہ میں نے کئی خواب دیکھے ہیں میں ان کی تعبیر پوچھنی ہے۔ ایک رات کو میں نے بہت سی بھینسیں دیکھی ہیں جن کومیں نل سے پانی پلارہی ہوں۔ایک رات میں نے دو بھینسیں دیکھیں جن کو میں ایک تلاب میں پانی پلارہی ہوں اورنہلا رہی ہوں۔ ایک رات میں نے چار بھینسیں دیکھی دوتوبہت زیادہ خوبصورت ہیں اوردوکوئی عام سی بھینسیں ہیں۔ ایک رات کومیں نے ایک سڑک پر بھینس دیکھی جومردہ حالت میں تھی میں اس کے ٹکڑے کرکرکے پھینک رہی ہوں۔ میں نے پوچھنا یہ ہے کہ پانی اور بھینس دیکھناکیساہے؟
تحصیل وضلع نارووال بمقام سراج
محترمہ! آپ نے اپنا نام نہیں لکھااورنہ دیگر تفصیلات۔ خواب کی تعبیرمیں ان چیزوں کابہت دخل ہوتاہے۔آپ سے اورخواب کی تعبیر دریافت کرنے والے دیگر قارئین وقاریات سے گزارش ہے کہ تعبیر معلوم کرنے کے لیے خواب روانہ کرتے وقت ان باتوں کاخیال رکھیں۔ اپنا نام مکمل لکھیں، خواب کب دیکھا؟ موسم کی وضاحت کریں اوریہ بتلادیاکریں کہ وقت کون ساتھا؟ دن یارات کے کس حصہ میں خواب دیکھا؟ اس کاذکربھی کردیاکریں۔ یہ تفصیلات شائع نہیں کی جائیں گی۔ اسی طرح اگرنام کی اشاعت مقصود نہ ہوتو لکھ دیاکریں۔ بہر حال خواب میں بھینس اور پانی دیکھنا اچھا ہے، آپ فکر مند نہ ہوں۔
محترم مولانا صاحب! السلام علیکم ورحمة اللہ! میں نے اپنے والد صاحب کو اکثر اپنے خواب میں دیکھاہے کہ وہ مجھ سے سخت ناراض ہیں۔ وہ مجھے خواب میں اکثر مار تے ہیں اور بہت غصہ میں ہوتے ہیں۔ میری والدہ الحمدللہ زندہ ہیں اور مجھ سے بہت خوش ہیں۔ اس کے علاوہ میں والد صاحب کے اعز ہ و اقارب سے صرف والدصاحب کی وجہ سے تعلقات بہتر رکھتاہوں اور کوشش کرتا ہوں کہ مجھ سے کوئی ایسا کام نہ ہو جس سے والد صاحب ناراض ہو ں ، لیکن اس کے باوجو د و ہ مجھ سے خواب میں خوش نہیں ہوتے ہیں۔میں کافی پریشان ہوں، براہ کرم مجھے بتائیں کہ اس خواب کی تعبیر کیا ہے اور مجھے کیا کرنا چاہیے؟
عبد الوحید ، اسلام آباد
یہ خواب اس چیز کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ آپ کی طرف سے والد صاحب کو ایصال ثواب میں کوتاہی ہو رہی ہے، اس طرف خصوصی توجہ کریں اور والد صاحب کی طرف سے کسی صدقہ جاریہ کا انتظام کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے والد گرامی کی مغفرت فرمائیں۔
میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ سہ روزہ لگانے کے لیے تبلیغی جماعت میں گیا، گشت کرکے واپس آیا تو دیکھتا ہوں کہ نماز ہورہی ہے۔ میں بھی جماعت سے نماز پڑھنے لگا۔ اب مجھے لگاکہ خود اللہ تبارک و تعالی نماز پڑھا رہے ہیں اور جب میں نے سجدہ کیا تو میں نے سجدہ اللہ تعالی کے دونوں پیروں کے بیچ میں کیا۔ پھر میری آنکھ کھل گئی، میرا سارا جسم پسینہ سے بھر اہوا تھا، مجھے خوف سا محسوس ہورہا ہے۔ براہ مہربانی مجھے بتائیں کہ میں کیا کروں؟
محمد اکبر خان، مردان
ڈرنے کی کوئی بات نہیں خواب کا معاملہ بیداری سے بالکل مختلف ہوتاہے۔ ماشاءاللہ یہ بہت عمدہ خواب ہے،اس کی تعبیر یہ ہے کہ تبلیغی جماعت کا کام اللہ تعالیٰ کے ہاں مقبول ہے، اور اس میں اخلاص کے ساتھ اور اصولوں کے مطابق کام کرنے والوں کا اللہ پاک کے یہاں اونچا مرتبہ ہے۔ آپ اس مبارک کام میں جی جان سے مزید محنت کریں۔اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے دین کی محنت کے لیے قبول فرمائیں۔